بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کا کام جاری رکھے گی جو قومی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔وہ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آٹھویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے لئے بلوچستان کے عوام کی پرعزم حمایت کے نتیجے میں صوبے میں استحکام پیدا ہوا اور سماجی اقتصادی ترقی پر پیش رفت حقیقت ثابت ہوئی۔دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے قوم کی ان گنت قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بڑی محنت کے بعد حاصل کیے گئے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور امن کی دشمن طاقتوں کے مذموم مقاصد کو جامع حکمت عملی اور ہم آہنگی کے ذریعے ناکام بنایا جاسکتا ہے۔