پاکستان ٹیلی ویژن کی انسٹھ ویں سالگرہ اتوار کو منائی گئی۔اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سرکاری ٹی وی کے اسلام آباد سینٹر میں کیک کاٹا۔انہوں نے پاکستان کی شناخت اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان ٹیلی ویژن کو سراہا۔وزیراعظم نے پی ٹی وی نیوز کے نئے ٹاک شو ’’بات سے بات‘‘ میں بھی شرکت کی۔ نامور اداکارہ فریال گوہر اس کی میزبان ہیں۔ وزیراعظم کا فریال گوہر کے ساتھ انٹرویو آج رات نشر کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی بنیاد1964 ء میں آج ہی کے دن لاہورمیں رکھی گئی تھی۔سب سے بڑے نشریاتی ادارے کے طور پر پاکستان ٹیلی ویژن ملک کی بانوے فیصد آبادی کو خدمات فراہم کررہا ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی وی مرکز لاہور میں ایک تقریب ہوئی جس میں نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے انسٹھ سال مکمل ہونے پر پی ٹی وی کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی نے اپناسفرریڈیو پاکستان کے احاطے میں اسلم اظہر کی قیادت میں شروع کیا۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی ٹی وی انتظامیہ پرزوردیاکہ وہ جدید تکنیکس اپنائے اورڈیجیٹل میڈیا پرتوجہ دے۔