Friday, 26 April 2024, 03:46:26 pm
وزارت تعلیم کی قومی سطح پر یکساں درسی کتب پالیسی سے متعلق تمام صوبوں کو ہدایات جاری
January 27, 2021

فائل فوٹو

وزارت تعلیم نے بدھ کے روز قومی سطح پر یکساں نصابی کتب کی پالیسی سے متعلق تمام صوبائی حکومتوں کو ایک خط تحریر کیا ہے اور نجی ناشران کو بھی طلبا کے سیکھنے کا عمل مدنظر رکھتے ہوئے یہ درسی کتب تیار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

وزارت کے مطابق نجی پبلشرز کو اس حوالے سے اپنے متعلقہ علاقوں کے ٹیکسٹ بک بورڈز سے این او سی حاصل کرنا ہو گا تاکہ بورڈز یہ چیک کر سکیں کہ نصاب میں کوئی ملک دشمن اور مذہب کے خلاف یا کوئی دیگر قابل اعتراض مواد تو شامل نہیں کیا گیا۔وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے تمام صوبائی ٹیکسٹ بک بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ بات یقینی بنائیں کہ یکساں قومی نصاب کے مقاصد سے ہم آہنگ درسی کتب تیار کرنے والے نجی پبلشرز اپنے فرائض بطریق احسن ادا کریں۔وزارت نے متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا ہے کہ سکولوں کی طویل عرصے تک بندش اور مئی اور جون میں ہونے والے امتحانات کو اگلی تاریخوں تک موخر کرنے کی وجہ سے نیا تعلیمی سال اب اگست میں شروع ہو گا۔یاد رہے کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے صوبائی حکومتوں اور دوسرے تمام فریقوں کی مشاورت سے ابتدائی سے پانچویں جماعت تک کا قومی نصاب تیار کیا ہے جو اگلے تعلیمی سال سے ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں رائج کیا جائے گا۔