Tuesday, 07 May 2024, 12:40:21 am
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مشترکہ اقتدار پر مبنی ہیں، مسعود خان
April 26, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال اور پڑوسی ممالک کی جانب سے دراندازی کے خطرات کے باعث پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ افیئر کونسل آف شارلٹ، نارتھ کیرولائنا کے زیر اہتمام ایمبیسیڈر سرکل سیریز کے دوران دانشوروں اور رائے سازوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دفاعی تعلقات جاری رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو سیکیورٹی اور غیر سیکیورٹی دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھنی چاہیے۔

مسعود خان نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ اب بھی موجود ہے افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد یہ خطرہ ختم نہیں ہوا یہ نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے ایک مہلک خطرے کے طور پر بدستور موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو تمام سفارتی ذرائع سے علاقائی امن اور استحکام کے لیے کام کرنا چاہیے۔ نان سیکیورٹی شعبہ میں دونوں ملکوں کو تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دینی چاہیے اور پاکستان میں امریکہ کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہیے۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات اقدار پر مبنی ہیں دونوں ملکوں کے درمیان تذویراتی شراکت داری رہی ہے تعلقات میں اتار چڑھائو آتا رہا ہے۔ ہمارے درمیان اتفاق رائے اور اختلاف رائے بھی رہا ہے ۔ لیکن ہم پچھلے ساڑھے سات دہائیوں میں ثابت قدم ساتھی رہے ہیں اور ہم اس شراکت داری کو جاری رکھنا چاہتے ہیں ۔

افغانستان سے انخلا کے بعد کے دور کی بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اتحادی فوجیوں کے محفوظ انخلا میں کردار ادا کیا بلکہ 75,000 افغانوں کی نقل مکانی میں بھی امریکہ کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی ہم افغانوں کے امریکی ویزوں کی کارروائی میں مدد کر رہے ہیں۔

" سفیر پاکستان نے ملک کی ٹیک انڈسٹری کی ترقی کو پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے تناظر میں ایک امید افزا پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ایکو سسٹم کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکی وینچر کیپیٹلسٹ پاکستان کے ٹیک ا سٹارٹ اپس کو فنڈز فراہم کر رہے ہیں اور تقریبا 80 امریکی کمپنیاں جن میں زیادہ تر فارچیون 500 کمپنیاں ہیں، پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔

سفیر پاکستان نے زور دیا کہ پاکستان خطے کا ٹیک حب بننے جا رہا ہے ۔

مسعود خان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکہ پاکستان کے لیے 8.4 بلین ڈالر کی اشیا اور خدمات کی برآمدات کا سب سے بڑا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر ، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی اور زراعت جیسے شعبہ جات میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

ملک میں سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سفیر نے پاکستان میں موجود مختلف سیاحت کو اجاگر کیا جن میں ایڈونچر، مذہبی اور ماحولیاتی سیاحت شامل بھی ہے جو ہر سال لاکھوں سیاحوں کو دنیا بھر سے اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔

انہوں نے شرکا کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے ملک میں سیاحت کی بھرپور صلاحیتوں کے تجربہ سے استفادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان پر امید اور متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناقدین کی جانب سے پاکستان کے بارے میں منفی تاثر کی اس جلد کے نیچے ایک متحرک پاکستان ہے اور خاص طور پر بھرپور صلاحیتوں کی مالک نوجوان آباد ی ہے جو ملک کو بد ل رہی ہے۔ آپ جلد ہی اس تبدیلی کو دیکھیں گے ۔