وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سعودی عرب اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت‘ سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
وہ سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان السعود سے باتیںکررہے تھے‘ جنہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سعودی پاک سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کو فعال کرنے سے متعلق کام کو سراہا جو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں فروغ کو تزویراتی سمت دینے کے لئے قائم کیا گیا اعلیٰ ترین پلیٹ فارم ہے۔
عمران خان نے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور ان کی سعودی عرب واپسی کی سہولت کے لئے بروقت اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اخوت پر مبنی مضبوط تعلقات کو جو اہمیت دیتا ہے‘ شہزادہ فیصل نے اسے اجاگر کیا۔