وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان سے 25دسمبر کوآذر ائرلائن کا طیارہ گرنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر
دلی اظہار تعزیت اور پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آذربائیجان کے بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے سوگوار خاندانوں سمیت زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
گو ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے بھائی اس سانحے پر اپنے مثالی حوصلے اور عزم سے ضرورقابو پا لیں گے۔
وزیراعظم نے صدر الہام علیوف کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صدر علیوف نے المناک سانحے کے موقع پر اظہار ہمدردی اور یکجہتی کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کرنے کے عزم اور عہد کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے آذربائیجان کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور آذربائیجان کے ہوائی جہاز کے المناک حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے آذربائیجان کے سفیر KHAZAR FARHDOV سے ملاقات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔