وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک چین علاقائی شراکت داری خطے کے استحکام کیلئے نہایت اہم اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں دنیا بھر میں امن کے لئے امید کی کرن ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں قائداعظم محمد علی جناح اور چین کے انقلابی لیڈر اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سابق چیئرمین Mao ZEDONG کے مجسموں کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ مجسمے چین کے بڑے مجسمہ ساز YAUN XIKUN نے وزیراعظم کوپچیس دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح اور چھبیس دسمبر کو مائوزی ڈونگ کی سالگرہ کے موقع پر پیش کئے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین سدابہار تزویراتی شراکت داری نئی بلندیوں کو چھورہی ہے جس کے تحت دفاع اور دفاعی پیداوار سے لے کر زرعی شعبوں میں تعاون کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال کے اوائل میں پاکستانی طلبا زراعت میں جدید تعلیم کے حصول کیلئے چین جارہے ہیں اور و ہ پاکستان اور چین کے درمیان پل کاکردار اداکریںگے جس سے ہماری دوستی کو نئی جہت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجسموں کا یہ تحفہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ غیرمتزلزل د وستی کی علامت رہے گا۔