Sunday, 29 December 2024, 11:44:51 pm
 
رانا ثناء اللہ کا اپوزیشن کیساتھ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار
December 28, 2024

 سیاسی امور بارے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی عمل کو کامیا ب بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیاہے۔

 ہفتہ کے روز لاہور میں شہید خواجہ محمد رفیق کی شہادت کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس سال چھبیس نومبر کے ناکام احتجاج کے بعد بعض سیاسی جماعتوں کارویہ تبدیل ہوگیا ہے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا قومی مسائل صرف مذاکرات ہی کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون نے اپنی سیاسی ساکھ دائو پر لگا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حکومت اور حزب اختلاف کو تجویز دی کہ وہ ملک کی خوشحالی کے لئے جاری مذاکرات کے دوران میثاق معیشت کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال ہونا چاہئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون نے سیاسی مذاکراتی عمل کی ہمیشہ حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام فریقوں کو مل بیٹھنا چاہئے۔