وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے کہا ہے کہ عدلیہ کے اندر اختلافات کا حل اور ججوں کی تعیناتی میں سینیارٹی اور فٹنس کے اصول کی پاسداری ملک میں موجودہ بحران کے خاتمے کی دوا ہے۔
انہوں نے پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کو ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے اپنے اندرونی اختلافات کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ججوں کو سینیارٹی کی بنیاد پر ترقی دی جانی چاہیے کیونکہ ایسے جج کو اپنی آزادی برقرار رکھنا مشکل لگتا ہے جسے قبل ازوقت ترقی دی گئی ہو۔عرفان قادر نے کہا کہ اتحادی حکومت عدلیہ اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ سمیت ہر ادارے کیلئے بہتر یہی ہے کہ وہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کرے۔ عرفان قادر نے کہاکہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنے کے پابند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قانون اورآئین کی بالادستی نہایت اہمیت کی حامل ہے اوریہ ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ آئین ایک مقدس دستاویز ہے اور کسی کو بھی آئین دوبارہ تحریر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ حکومت عدلیہ کو مضبوط کرناچاہتی ہے ۔