Thursday, 12 September 2024, 05:50:51 pm
 
وزیرخزانہ کا ملک میں اسلامی مالیاتی صنعت کےفروغ کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ
May 29, 2023

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں اسلامی مالیاتی صنعت کے فروغ اور سود پر مبنی نظام کے خاتمے کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں اسلامی سرمایہ منڈی کے بارے میں عالمی کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ عمل وفاقی شرعی عدالت کی طرف سے دی گئی پانچ سال کی مدت میں مکمل کرنے کے ہدف کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اسلامی مالیاتی نظام تیار کرنے کیلئے تزویراتی منصوبہ موجود ہے۔

وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ نیشنل سیونگز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کیلئے شرعی تقاضوں سے ہم آہنگ سکیمیں شروع کریں۔

اسحق ڈار نے کہا کہ خزانہ ڈویژن نے ربا کے بارے میں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق تزویراتی رہنما اصول فراہم کرنے کیلئے ایک رہبر کمیٹی تشکیل دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی مالیات کا حجم گزشتہ سال بیالیس ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے اور اثاثے اور جمع کرائی گئی رقوم بالترتیب 72 کھرب اور 52 کھرب روپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2022 میں اسلامی بینکنگ کی صنعت کے اثاثوں میں اضافے کی سالانہ شرح 29 فیصد رہی۔انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کی صنعت کا نیٹ ورک اسلامی بینکنگ کے بائیس اداروں پر مشتمل ہے جن میں چھ مکمل طور پر اسلامی بینک ہیں جبکہ سولہ اسلامی بینکوں کی شاخوں کے حامل روایتی بینک ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا ہمیں پختہ یقین ہے کہ اسلامی مالیاتی نظام غربت سے نمٹنے اور خوشحالی کے فروغ کی صلاحیت کے ساتھ پاکستان اور امت مسلمہ کی مستقبل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقوں کی ضروریات سے ہم آہنگ جدید اسلامی سکیمیں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔