وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امیدظاہر کی ہے کہ افغانستان میں امن سے پاکستان کے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بات اقتصادی سفارتکاری کے بارے میں آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں آذربائیجان،بنگلہ دیش، قازخستان، کرغزستان، مالدیپ اور نیپال کے پاکستانی سفراء نے شرکت کی۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی اقتصادی سفارتکاری کے فروغ اور شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون میں اضافے پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے حکومت کی طرف سے جغرافیائی سیاست کی پالیسی جغرافیائی اقتصادی تعاون میں تبدیل ہونے کے عمل کو اجاگر کیا اور سفیروں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے مربوط کوششیں کریں۔وزیر خارجہ نے سفیروں سے کہا کہ وہ وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سیاحت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی روابط پر توجہ میں اضافے سمیت باہمی مفاد پر مبنی تجارت اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کریں اور فروغ دیں۔