Thursday, 26 December 2024, 03:09:28 pm
 
پاکستان،قطرکا تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے پراتفاق
October 31, 2024

پاکستان اور قطر نے تجارت،سرمایہ کاری،توانائی اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے دوحہ میں وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقاتوں کے دوران ہوا۔

دونوں ملکوں کی قیادت نے پاکستان اور قطر کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کا جائزہ لیا اور تعاون کو فروغ دینے اور ترقی بڑھانے کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی۔

شہبازشریف اور قطری قیادت نے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسائل کے پرامن حل تلاش کرنے اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے قطر کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دوحہ میں قطر کے امیر سے ملاقات کو انتہائی تعمیری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔