Friday, 04 September 2026, 10:29:19 am
 
آئی آر ایس اسلام آباد اور خیر پبلیکیشنز کے اشتراک سے ’’نظریۂ پاکستان اور اسلامی اسکالرز کا کردار‘‘ کے موضوع پر اہم سیمینار کا انعقاد
September 03, 2026

انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (IRS)، اسلام آباد اور خیر پبلیکیشنز کے باہمی اشتراک سے ’’نظریۂ پاکستان اور اسلامی اسکالرز کا کردار‘‘ کے موضوع پر ایک اہم اور فکری سیمینار انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

سیمینار میں معروف سفارت کار، دانشور، اسلامی اسکالرز، محققین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نظریۂ پاکستان کی فکری و تاریخی بنیادوں، اسلامی اقدار کے تناظر میں پاکستان کے قیام کے مقاصد، اور موجودہ دور میں اسلامی اسکالرز کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کرنا تھا۔

تقریب میں صاحبزادہ محمد سعید بھوروی بانی خیر پبلیکیشنز و بین الاقوامی تعلقات کے تجزیہ کار، صاحبزادہ محمد معصوم بھوروی، بین الاقوامی مذہبی اسکالر، خانواده سلطان باہو سے سلطان ناصر معروف شاعر و مصنف اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر سید عبدالرحمٰن اسلامی اسکالر و شریعہ ایڈوائزر، اور ڈاکٹر رضوان نصیر، سینئر ریسرچ فیلو/ ڈائریکٹر CCTVS اور عثمان چوہان ایڈوائزر آن اکانومی CASS، نے بھی سیمینار میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو سمجھنے اور نئی نسل تک اس کے حقیقی پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچانے میں علماء، دانشوروں، تعلیمی اداروں اور نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں پاکستان کی نظریاتی شناخت، قومی یکجہتی اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے علمی و فکری مکالمے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

سیمینار کے اختتام پر مقررین اور شرکاء نے IRS اور خیر پبلیکیشنز کے اس مشترکہ علمی و فکری اقدام کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا، جو نوجوان نسل کو پاکستان کی تاریخ، نظریے اور قومی و اسلامی تشخص سے جوڑنے میں معاون ثابت ہوں گے۔