Friday, 04 September 2026, 10:28:28 am
 
دانش یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی: وزیراعظم
September 03, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی معینہ مدت کے ساتھ منصوبے کی تفصیلات آئندہ دو ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔

وہ آج اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دانش یونیورسٹی کے قیام میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ اسکا نظام روایتی یونیورسٹیوں سے منفرد اور بہترین ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کے ذہین طلباء و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے آؤٹ ریچ پروگرام میں اس عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے کہ معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں کو اس کی آگہی اور رسائی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے ڈگری یافتہ عالمی شہرت کی حامل فیکلٹی کی تدریسی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر بین الاقوامی سطح پر رائج اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس ڈیزائن کے مطابق کی جائیگی، جس کیلئے بڈنگ جلد کی جائے گی۔