Friday, 04 September 2026, 09:45:01 am
 
وزیراعظم کا نیپال کے سفارتخانے کا دورہ، سیلاب سے متاثرہ نیپالی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار
September 03, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد کے حوالے سے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

وزیراعظم کا نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے سفارتخانے پہنچنے پر استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تھے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے حکومت اور نیپال کے عوام، بالخصوص اس سانحے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ سے ٹیلی فون پر ہوئی حالیہ گفتگو میں اپنے جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے اواخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ وہاں جاری امداد و بحالی کی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے نیپال کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور اُمید ظاہر کی کہ نیپال کے باہمت عوام اس سانحے سے مزید مضبوط ہو کر اُبھریں گے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور نیپال کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ضرورت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے رہیں گے۔

نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کے ہمدردانہ اور حوصلہ افزا کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو نیپال کے عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔ سفیر نے وزیراعظم کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔