Friday, 21 June 2024, 11:22:18 pm
قوم کی مکمل حمایت سے دشمن قوتوں کو شکست دی جائیگی، آرمی چیف
June 07, 2023

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ قوم کی مکمل حمایت سے دشمن قوتوں اور ان کے مددگاروں کو شکست دی جائیگی جو جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے ذریعے سماجی تقسیم پیدا کررہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار آج(بدھ) راولپنڈی میں فارمیشن کمانڈروں کی کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کے ایسے عزائم سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

فورم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر حراستی تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغنوں کے بے سروپا اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو گمراہ اور مسلح افواج کو بدنام کرنا ہے تاکہ گھٹیا سیاسی مفادات حاصل کئے جاسکیں۔

نو مئی یوم سیاہ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے آرمی کمانڈرز نے پختہ عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی یادگاروں اور جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے کو آئین پاکستان سے ماخوذ پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت تیزی سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

آرمی چیف نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان آرمی علاقائی سالمیت اور ملک کی خود مختاری کے تحفظ کی اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ثابت قدم رہے گی۔