Monday, 14 September 2026, 10:29:35 am
 
وزیراعظم کا تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث خصوصی ریلیف سکیم کا اجرا
September 13, 2026

فائل فوٹو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور اس کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کے عوام پر بڑھتے بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ریلف سکیم کا اجرا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہیوں والی سواریوں پر ماہانہ بیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا۔ اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ تیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں اس کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کر دیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان میں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔

خصوصی ریلیف سکیم کی رجسٹریشن کا اجرا آج سے کر دیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم نے سکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر صوبوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔