Monday, 14 September 2026, 10:29:55 am
 
وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت
September 13, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سہ پہر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں، بالخصوص سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک خواہشات اور دلی احترام کا بھی اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔