Saturday, 27 April 2024, 07:44:41 pm
وزیراعظم کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کی تحسین
March 28, 2024

 وزیراعظم محمد شہبازشریف نے محدود وسائل کے باوجود ملک کے بحری مفادات کا تحفظ کرنے پر پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کااظہار جمعرات کو نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے دورے کے دوران کیا ۔وزیراعظم کی آمد پر بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا بحریہ کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا ۔وزیراعظم نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور بعدازاں نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایاگیا ۔اجلاس کے دوران علاقائی سمندری تحفظ اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے بالخصوص نیول ائیر بیس تربت پر حالیہ دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے کیلئے پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ ردعمل کوسراہا ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط معیشت کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔نیول چیف نے دورہ کرنے اور پاک بحریہ پر اعتماد کااظہار کرنے پر وزیراعظم کاشکریہ اداکیا۔