Wednesday, 08 May 2024, 08:48:01 am
پاکستان بہت جلد خطے کا ٹیک حب بن کر ابھرے گا: مسعود خان
April 27, 2024

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیک انڈسٹری میں گذشتہ چند سالوں کے دوران غیر معمولی ترقی دیکھنے میں آئی ہے اور پاکستانی آئی ٹی مصنوعات اور سروسز امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیس سے زائد معروف ٹیک سٹارٹ اپ کمپنیوں کے سی ای اوز اور بانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مسعود خان نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستانی ٹیک اسٹارٹ اپس کی مالی معاونت کر رہے ہیں اور ہمارے نوجوان اپنی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کی بدولت عالمی مارکیٹ میں اپنی مخصوص شناخت بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے ٹیک ایکو سسٹم کا ایک لازمی حصہ بن چکے ہیں اور مستقبل قریب میں اس خطے کا ٹیک حب بننے جا رہے ہیں۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علی فہد نے بتایا کہ انہوں نے اپریل2020 میں محض سات اراکین کے ساتھ وٹس ایپ گروپ پر پاک لانچ کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ اب یہ پلیٹ فارم 350,000 اراکین کی ایک کمیونٹی بن چکا ہے جس میں سرمایہ کاروں، پیشہ ور افراد اور اسٹارٹ اپ کی عالمی برادری شامل ہے۔

اس موقع پر موجود مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور بانیوں نے بھی اپنے تجربات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بہتر نیٹ ورکنگ، تجربات شیئر کرنے اور پاکستانی امریکیوں کی کمپنیوں کی رسائی کو وسیع کرنے کے لیے ان کو ایک چھت کے نیچے لانے کے سفیر پاکستان کے اقدام کو سراہا۔

پاک لانچ کو ایک اہم اور نتیجہ خیز اقدام قرار دیتے ہوئے مسعود خان نے علی فہد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علی فہدنے کسی معاونت کے بغیر اپنے پلیٹ فارم کو شروع کیا اور اسے ایک طاقت بنا دیا ہے۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ جس طرح اس اقدام نے پاکستان میں ٹیک اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس میں بہت بڑا انسانی سرمایہ موجود ہے ۔ نہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔

سفیر پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل کے اہم کردار کو بھی خاص طور پر اجاگر کیا جو مختلف شعبوں خصوصا آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے ۔

پاک لانچ کا منصب العین 20230 تک پاکستان کو دنیا کے ٹاپ ٹین ایکو سسٹم میں شامل کرانا ہے ۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستانی کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کاوش کر رہا ہے اور پاکستانیوں کے کارناموں اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں کوشاں ہے۔ یہ پاکستانی کاروباری شخصیات کو مشاورت اور تربیت فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں کاروبار کے لئے مالی وسائل ، نیٹ ورکنگ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔