Saturday, 27 April 2024, 03:27:02 pm
بشام حملے کے منصوبہ سازوں،سہولت کاروں کوکٹہرے میں لائیں گے،دفترخارجہ
March 28, 2024

 پاکستان نے بشام میں دہشت گرد حملے کےمنصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کااعادہ کیا ہے جس کے باعث پانچ چینی باشندوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔

 دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج(بدھ) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ حملہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی کارستانی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ اس قسم کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی اور ہم سی پیک کی ترقی اور تعاون کے فروغ کےلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

 ممتازز ہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستان چینی باشندوں، منصوبوں اور ملک میں موجود چینی اداروں کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے چینی بھائیوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ 2019سے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کے بعد پاک بھارت تعلقات ختم ہوچکے ہیں۔

 ممتاز زہرہ بلوچ نے واضح کیا کہ بھارتی قابض حکام مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریافت کئےگئے لیتھیم کے ذخائر کے کچھ بلاک نیلا م کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ استحصالی منصوبے چھوڑ دے اور کشمیریوں کی اپنی دھرتی اور قدرتی وسائل کے حق کا احترام کرے۔

 ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فوری جنگ بندی کے مطالبے کے باوجود غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پربھی شدید تشویش کا اظہارکیا۔