Wednesday, 23 October 2024, 05:59:05 am
 
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے، حریت کانفرنس
June 01, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے۔

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

سرینگر میں آج ایک بیان میں حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کو دبانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں خوف وہراس کا ماحول قائم کررکھا ہے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے حل کے لیے حقیقت پسندانہ طرز عمل اپنائے۔

انہوں نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم سہنے کے باوجود حریت کانفرنس اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

میر واعظ نے مختلف جیلوں میں قید تمام کشمیری سیاسی نظر بندوں کی فوری رہائی پر بھی زور دیا۔

بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ مئی میں 8 کشمیریوں کو شہید کیا۔

بھارتی فورسز نے اس عرصے کے دوران محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران سات سو سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا۔