Tuesday, 22 October 2024, 06:38:19 am
 
بھارت مقبوضہ وادی میں ہندوتوا ایجنڈے پرعمل پیراہے،حریت کانفرنس
October 18, 2024

 کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کے زیر قیادت بھارتی حکومت کا اگست 2019 میں غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے فیصلے کااصل مقصد کشمیریوں کی شناخت کو مٹانا اور علاقے میں ہندو توا ایجنڈے کا نفاذ کا تھا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے یہ بات سرینگر میں حریت رہنماو ں کے ایک اجلاس میں کہی۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کے نام نہاد وزیر اعلی عمر عبداللہ کی زیر صدارت کابینہ کے پہلے اجلاس میں منظور کی گئی ایک قرارداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جس میں صرف ریاستی درجے کی بحالی کی بات کی گئی۔

حریت کانفرنس نے کہا کہ خصوصی حیثیت کی بحالی کو نظر انداز کرنا مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی توثیق کے مترادف ہے۔

دریں اثنااسلام آباد، شوپیاں، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جس کی وجہ سے مقامی آبادی میں خوف ودہشت کا ماحول ہے ۔