وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ اقتصادی اشاریے مثبت ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، روپیہ مستحکم ہو رہا ہے اور مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔
آج(منگل کو) اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ایک مخصوص جماعت اس عمل کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھی اس بات کی توثیق کرتے ہوئے ملک کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے شہبازشریف کے خطاب کو غیرمعمولی اہمیت دی گئی جو پاکستان کیلئے باعث اعزازہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں ایس سی او کے سربراہان حکومت کے اجلاس کا انعقاد پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے جو ملک کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔