صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عملی اور روایتی حملوں کے ساتھ ہائیبرڈ جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے موثر تیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آج (منگل) اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے منفرد انداز میں جدید مہارتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس ناسور کےخلاف جنگ میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔صدر مملکت نے کہا کہ رائے عامہ بدلنے میں سوشل میڈیا کو بھی ایک موثر ذریعہ سمجھا جا رہا ہے اور ہمیں اس ذریعے کے متعلق بھی سوجھ بوجھ حاصل کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت کےخلاف کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور قوم نے اس تیاری کا فروری دو ہزار انیس میں عملی مظاہرہ دیکھا۔صدر نے کہا کہ عالمی سیاست اور پالیسیوں میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور پاکستان کو اپنی سلامتی کے مسائل حل کرنے کیلئے جدید تکنیک اور منفرد طریقے اختیار کرنے چاہئیں۔