وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کااظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ گداگری اور غیرقانونی ترک وطن روکنے کے لئے پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ پاکستانی خاندان کی رہائی کیلئے مکمل تعاون کرنے پر سعودی حکومت اور سفیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی تعریف بھی کی۔
سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ ان کے پاکستان سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔