Friday, 13 September 2024, 07:50:32 am
 
بھارتی غاضب فوج کی ریاستی دہشتگردی میں ایک اور نوجوان شہید ہوگیا
June 02, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوان آج ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔

فوجیوں نے نوجوان کو جموں خطے میں ضلع راجوری کے علاقے دسل مہاری میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔

بھارتی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ضلع اسلام آباد میں کوکرناگ کے علاقے دانوتھ پورہ میں حریت کارکن محمد اسحاق ملک کا زیر تعمیر مکان ضبط کر لیا۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اب تک سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹر زاور جماعت اسلامی سمیت آزادی کے حامی رہنماو ں اور تنظیموں کے متعدد مکانات اور جائیدادوں سمیت پورے مقبوضہ علاقے میں کئی رہائشی عمارتیں، دکانیں، شاپنگ کمپلیکس اور دیگر املاک ضبط کر چکے ہیں ۔

ادھرضلع کٹھوعہ کے شہیدی چوک میں آج لوگوں نے نام نہاد انسداد تجاوزات مہم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ یہ مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب لوگوں کو پتہ چلا کہ انتظامیہ چوک میں ایک تجارتی عمارت کو منہدم کر رہی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے آج سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور دونوں ملکوں کو اس مسئلے کو پرامن مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔

ادھرانڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں بھارت میں آزادی صحافت خطرے میں ہے۔