چینی کمپنی چینگ ڈو پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سمارٹ سٹی منصوبوں میں70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
اس عزم کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وفد اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
چینگ ڈو حکومت کے تعاون سے ای ٹیکسی سروس کا جلد آغاز کرے گی، اس کے علاوہ لاہور میں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں اعدادو شمار کو محفوظ کرنے اور ڈیجیٹل بنانے کے مراکز بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کے لئے اراضی اور عمارتیں فراہم کرے گی۔
پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم ہوگا جو پاکستانی نوجوانوں کو دنیا بھر سے آن لائن تجارت کے بارے میں تربیت فراہم کرے گا۔
مزید برآں لاہورمیں سمارٹ سٹی اقدامات میں سمارٹ کنٹرول روم' سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ' سمارٹ ٹرانسپورٹ اور صفائی ستھرائی کا سمارٹ سینٹر شامل ہیں۔
ملاقات میں منصوبے کے دوسرے مرحلے میں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی میں تربیت دینے کے لئے منصوعی ذہانت کے صنعتی مرکز کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے پنجاب کو خطے کا آئی ٹی مرکز بنانے کا عزم ظاہر کیا۔