Thursday, 12 September 2024, 04:51:02 pm
 
مقبوضہ جموں وکشمیر،کانگریس نے عوام کوبی جے پی کے تقسیم کے ہتھکنڈوں سے خبردارکردیا
December 03, 2023

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے لوگوں کو بی جے پی کے تقسیم کے ہتھکنڈوں سے خبردار کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو تقسیم کی سیاست کرنے اور مختلف برادریوں میں نفرت پیدا کرنے کی عادت ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دوران یہ جذباتی کارڈ کھیلتی ہے اور لوگوں کے جذبات کا استحصال کرتی ہے ۔وقار رسول وانی نے کہاکہ لوگوں میں بی جے پی کے خلاف غصہ ہے جس نے عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے جنہوں نے انھیں ووٹ دیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ لوگ ان کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں اور حکومت ناکام ثابت ہوچکی ہے ۔اس موقع پر کانگریس لیڈر رمن بھلہ نے کہاکہ ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد غریبوں کی زمینیں چھینی جارہی ہیں ، نوکریوں کا تحفظ ختم ہوگیا ہے اور سرکاری اور نجی شعبے میں نوکریاں نہیں ہیں۔