Friday, 26 April 2024, 07:42:03 pm
اقتصادی تعاون تنظیم لوگوں تک کورونا ویکسین کی منصفانہ رسائی کو یقینی بنائے،وزیراعظم
March 04, 2021

وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی تعاون تنظیم سے کہا ہے کہ وہ ایسی مشترکہ حکمت عملی وضع کرے جس سے لوگوں تک کورونا ویکسین کی منصفانہ رسائی اور تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیراعظم نے کورونا کے تناظر میں علاقائی اقتصادی تعاون کے موضوع پر اقتصادی تعاون تنظیم کے چودھویں سربراہ اجلاس سے آج آن لائن خطاب میں کورونا سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے رکن ملکوں کے وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات پر موجودہ چیئرمین ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کورونا کی وجہ سے صحت اور معیشت کے شعبوں میں بحران سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان ممالک میں پندرہ کروڑ سے زائد لوگ اس مرض کا شکار ہوئے اور پچیس لاکھ سے زائد افراد جان سے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے وباء کے دوران چیلنجز کا سامنا کیا تاہم عوام دوست اور غریب دوست سوچ اپنائی تاکہ لوگوں کی زندگیاں اور ان کا روزگار بچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی مجبوریوں کے باوجود ان کی حکومت نے چھوٹے کاروبار اور براہ راست مالی مد د کے ذریعے انتہائی غریب اور نادار لوگوں کے لئے آٹھ ارب ڈالرز کی غیر معمولی رقوم مختص کیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر ممالک نے شر ح نمو میں تیزی لانے کے لئے ان کے معاشی نظاموں میں بیس کھرب ڈالرز شامل کئے تاہم ترقی پذیر ممالک کے پاس مالیاتی بہتری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ استنبول' تہران 'اسلام آباد تجارتی مال بردار ٹرین اور مجوزہ ازبکستان' افغانستان 'پاکستان ریلوے رابطے علاقائی روابط کے اہم منصوبے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتصادی تعاون تنظیم میں پہلے سے طے شدہ سرحد پار منصوبوں کو شروع کرناچاہیے جن میں تاپی گیس پائپ لائن اورCASA-1000 منصوبے بھی شامل ہیں' ساتھ ہی اس تنظیم کی سرمایہ کاری ایجنسی کا قیام اور سالانہECO سرمایہ کاری

میلے کا انعقاد کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری باہمی تجارت جو مجموعی تجارت کا صرف آٹھ فیصد ہے ' اس کو دس گنا تک بڑھایا جاسکتا ہے۔