صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو کی چھیالیسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملکت نے پاکستان کو ترقی یافتہ خودمختار اور ایک فلاحی مملکت بنانے کے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدرمملکت نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو پہلا متفقہ آئین دیا، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ملک کی آزادانہ خارجہ پالیسی تشکیل دی۔
انہوں نے محنت کشوں، کسانوں اور پسماندہ طبقے کو بنیادی حقوق دے کر بااختیار بنانے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تعریف کی۔