امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے سرکردہ رکن ٹام سوازی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور پاک، امریکہ تعلقات ، دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
رکن کانگریس ٹام سوازی نے سفیر پاکستان کو امریکہ میں پاکستانی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔
سفیرپاکستان نے کہا کہ پاک، امریکہ تعلقات دونوں ممالک اور خطے کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی مثبت پیش رفت انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
سفیرپاکستان رضوان سعید شیخ نے کہاکہ خیر سگالی اور دوستی کے اس جذبے کو ہمہ جہتی تعلقات خصوصاً معاشی تعلقات کے فروغ کے لئے بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔
سفیر پاکستان نے یوم آزادی کے موقع پر نیک جذبات کا اظہار کرنے پررکن کانگریس ٹام سوازی کا شکریہ ادا کیا۔
ٹام سوازی نے پاک، امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور امریکہ کے لئے خدمات پر پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا ۔
سفیرپاکستان اورٹام سوازی نے دوران گفتگو پاک، امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ،عوامی روابط کے فروغ کے حوالے سے مل کر کام کرنے اور امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کومتحرک و مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔