بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے دورے کیخلاف کل پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جائیگی۔ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے اور دیگر حریت تنظیموںاور رہنمائوں نے اس کی حمایت کی ہے تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیاجاسکے کہ کشمیری اپنے وطن پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت سڑکوں یا نام نہادترقیاتی منصوبوں کے اعلان کے ذریعے کشمیری عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا بلکہ وہ کشمیر کے دیرینہ تنازع کا اس کے تاریخی پس منظر میں حل چاہتے ہیں۔ بیان میں واضح کیاگیا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ فسطائی مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں دہشت گردی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔