Sunday, 06 October 2024, 12:29:12 pm
 
یوم یکجہتی کشمیر پیر کو منایا جائے گا
February 04, 2024

یوم یکجہتی کشمیر پیر کو منایاجائے گا جس کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستانی قوم کی مکمل حمایت کا اظہار کرنا ہے ۔امور کشمیر کی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کل ملک میں اور بیرون ملک بھرپور انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ کل ملک بھر اورآزادکشمیرمیں یکجہتی واکس کا اہتمام کیاجائے گا۔ شاہراہ دستور پرکشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی جائے گی۔شہدا ئے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صبح ساڑھے نو بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کیلئے اہم شاہراہوں ، ہوائی اڈوں اور ریلوے سٹیشنوں پر پوسٹر اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں اس دن کی مناسبت سے مباحثے ، تقریروں اور مضمون نگاری کے مقابلوں کااہتمام کیاجارہاہے۔ریڈیوپاکستان بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی پروگرام نشر کرے گا۔