Saturday, 27 July 2024, 07:59:56 am
وزیراعظم کی معیشت بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت
March 05, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ قومی معیشت کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پرلائحہ عمل تیار کریں۔انہوں نے یہ ہدایات رات اسلام آباد میں ملک کی معاشی بحالی اور ترقی سے متعلق حکمت عملیوں کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافے اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور انداز میں کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ اقتصادی دباؤ سے باہر نکلنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات وقت کا تقاضا ہیں۔انہوں نے سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے کی خاطر سرمایہ کاروں ا ور تاجروں کے لئے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے اس سلسلے میں غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کرنے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری طبقے کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔شہباز شریف نے مالیاتی تعاون کے پروگرام پر مذاکرات کے لئے فوری طورپر عالمی مالیاتی فنڈ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔یہ اقدام ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے بیرونی تعاون کے حصول کے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔

اجلاس کے دوران شہبازشریف کو ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس میں تمام اقتصادی اشاریوں درپیش مشکلات اور معاشی بحالی کے ممکنہ حل پر توجہ مرکوز کی گئی۔اس موقع پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے مجموعی طور پر 65 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کااعلان کیا گیا جو ٹیکس دہندگان پر مالی بوجھ کم کرنے ا ور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔اس موقع پر خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے اور ترسیلی ضیاع کم کرنے کے لئے بجلی اور گیس کے شعبوں میں سمارٹ میٹروں کی فوری تنصیب کی ہدایات بھی دی گئیں۔اجلاس کے اختتام پر معیشت کی پائیدار بنیادوں پر بحالی اور خوشحالی کے لئے تمام متعلقہ فریقوں سے مذاکرات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔