Friday, 18 October 2024, 08:26:57 am
 
وزیر خزانہ کا اداروں میں وسیع البنیاد اصلاحات کے حکومتی عزم کا اعادہ
October 17, 2024

خزانے اور محصولات کے وزیر محمد اورنگزیب نے ٹیکس، توانائی اور ریاستی ملکیتی اداروں میں وسیع البنیاد اصلاحات جاری رکھنے کیلئے حکومت کے عزم کااعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے ان شعبوں پر جن پر ٹیکس عائد نہیں ہے۔ ٹیکس کے نفاذ کے ذریعے ٹیکس کی شرح کو مجموعی ملکی پیداوار کے ساڑھے تیرہ فیصد کے برابر لانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور بچوں کیلئے غذا کی کمی کے درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جو پاکستان میں عدم مساوات اور اقتصادی ترقی کی رفتار کیلئے خطرے کا باعث ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان جامع ترقیاتی اہداف کو یقینی بنانے کیلئے ترقیاتی شراکت داروں کی تکنیکی اور مالی حمایت سے اصلاحات اور غذا کی کمی سے بچتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنا چاہتا ہے۔امریکی سفیر نے معاشی استحکام میں بہتری کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خصوصاً ٹیکس کے نظام اور توانائی کے شعبوں میں ٹھوس اصلاحات شروع کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔انہوں نے تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اعلیٰ سطح کی امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔