Friday, 18 October 2024, 08:24:13 am
 
حکومت عوام کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے ، وزیراعظم
October 17, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے جامع ترقی، تعلیم، صحت اور ماحولیاتی استحکام پر زور دیتے ہوئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لیے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کی بنیاد ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنے عوام کی زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کا مقصد کمیونٹیز خصوصا خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانا ہے اور انہیں وہ مہاراتیں فراہم کرنا ہے جن کی انہیں ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے اقدامات جیسے پی ایم یوتھ بزنس پروگرام،زرعی قرضہ جات،مفت آئی ٹی ٹریننگز اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ لاکھوں خاندانوں کو مالی امداد اور تکنیکی

مدد فراہم کر کے زندگیاں بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے جس کے حصول کے لیے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے غربت کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور تمام شعبوں کو ایک خوشحال،معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔