Thursday, 17 April 2025, 10:52:37 am
 
پاکستان عالمی معدنی معیشت میں رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے،آرمی چیف
April 08, 2025

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنماء کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور وسائل کی وسیع صلاحیت کی ترقی میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کریں۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو معدنی دولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انجینئرز، ماہرین ارضیات، آپریٹرز اور بہت سے ماہر کان کن درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان سے ستائیس پاکستانی طلباء زیمبیا اور ارجنٹینا میں معدنیات کی تلاش کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد معدنیات کے شعبے کے لیے مضبوط افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل تیار کرنا ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے یقین دلایا کہ پاک فوج اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات اور اعتماد کے تحفظ کے لیے مضبوط سکیورٹی ، لائحہ عمل اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

جنرل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیاکہ پاکستانی اجتماعی طور پر اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ کاروبار اور معدنی دولت سے استفادہ کرنے کیلئے آپ کی مہارت سے مستفید ہونا ہماری اجتماعی قومی خواہش ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پر ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔

آرمی چیف نے بلوچ قبائلی عمائدین کی کاوشوں کا بھی اعتراف کیا جنہوں نے کان کنی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور بلوچستان کی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔