آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کا حتمی مقصد پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔خطے میں بھارتی حکومت کے عزائم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے حالیہ بیان سے کنٹرول لائن کے دونوں طرف بسنے والے کشمیری باشندوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔کشمیر میں جاری تحریکِ آزادی کو مقامی جدوجہد قرار دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔