Wednesday, 23 October 2024, 05:59:12 am
 
سول سوسائٹی ارکان نے بھارت کی جانب سے معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کی مذمت
June 10, 2024

فائل فوٹو

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے ارکان نے بھارت کی جانب سے جاری بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کی مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین سمیت سول سوسائٹی کے ارکان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی ان کے بنیادی انسانی حقوق سے مسلسل محرومی کواُجاگر کیا۔

انہوں نے دفعہ370اور 35Aکی فوری بحالی اور تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیا ہے۔

انہوں نے بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری اورانہیں مسلسل نظربند رکھنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے جیسے کالے قوانین کے استعمال کی بھی مذمت کی ۔

ادھر بھارتی حزب اختلاف نے وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قیام امن اورصورتحال معمول پرآنے کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے امن وامان سے متعلق دعوئوںکی قلعی کھول دی ہے ۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلسل تیسری مرتبہ برسر اقتدار آنے کے بعد اپنی کابینہ میں کسی مسلم رکن کو شامل نہیں کیا ہے۔

نئی حکومت میں 30وزرا اور 41وزرائے مملکت شامل ہیں جن میں کوئی بھی مسلمان شامل نہیں ہے ۔

ادھر حریت رہنما غلام محمد صفی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے نئے کنونیئر منتخب ہو گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈووکیٹ پرویز احمدجنرل سیکرٹری اور مشتاق احمد بٹ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔

الیکشن اسلام آباد میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں منعقد ہوا ۔