Monday, 30 December 2024, 10:21:08 pm
 
وزیرخزانہ کا ادارہ جاتی اصلاحات پرمبنی معاشی ایجنڈے کیلئے عزم کا اعادہ
September 11, 2024

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کے اہم شعبوں میں جامع ادارہ جاتی اصلاحات پر مبنی ملک میں تیار کردہ معاشی ایجنڈے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے آج(بدھ) کو اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی اور استحکام یقینی بنانے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات نہایت اہم ہیں جو حکومت کی پالیسی ایجنڈے کا جزو لازم ہیں۔

پاکستان کیلئے سعودی عرب کی مستقل معاشی حمایت کو سراہتے ہوئے انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کیلئے ظاہر کی گئی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے تنظیمی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کیلئے سعودی عرب کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ منصوبوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مزید شعبوں کی تلاش کیلئے سعودی تجارتی وفد آئندہ چند ماہ میں پاکستان کا دورہ کریگا۔