Thursday, 19 December 2024, 04:52:17 am
 
وزیراعظم کی چینی کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
October 11, 2021

وزیراعظم نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو راغب کرنے کی غرض سے زمین، بجلی ، گیس اور ٹیکس مراعات فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔آج (پیر) اسلام آباد میں خصوصی اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تیز صنعتکاری کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ صنعتکاری سے ہماری 35 سال سے کم عمر کی 65 فیصد آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔وزیراعظم کو بتایاگیاکہ ملک میں مجموعی طورپر 27خصوصی اقتصادی زون میں سے پانچ پر کام تیزی سے جاری ہے ان پانچ خصوصی اقتصادی زون میں سندھ میں دھابیجی ، خیبرپختونخوا میں رشکئی ، بلوچستان میں بوستان اور گوادر اور پنجاب میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی شامل ہیں ۔یہ بھی بتایاگیا کہ ممکنہ چینی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کو ایک ہی جگہ پرحل کرنے کیلئے ان خصوصی اقتصادی زون میں سے ہر ایک میں ایک موثر ون ونڈو آپریشن کی سہولت اور سی پیک اتھارٹی میں ایک سہولت مرکز قائم کیاجارہا ہے۔