Thursday, 13 March 2025, 12:33:42 am
 
اقوام متحدہ، امریکہ، فرانس اور چین کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت
March 12, 2025

اقوام متحدہ، امریکہ اور چین نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ ٹرین کے مسافروں کو یرغمالی بنانے کی صورتِحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں اس المناک سانحے کے متاثرین سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سفارتخانے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام شہریوں کی سکیورٹی اور تحفظ یقینی بنانے کی کوششوں میں اس کا ثابت قدم شراکت دار ہے۔

چین نے بھی جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ۔ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے تیار ہے۔

پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے بھی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 

پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔