Monday, 02 December 2024, 07:04:36 pm
 
دنیا غیر قانونی نظر بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے،حریت کانفرنس
May 12, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں بند کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں ہزاروں حریت کارکنوں اور رہنماؤں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی نظربندیاں اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔ترجمان نے کشمیری نظربندوںکی حالت زار پر گہری تشویش ظاہر کی۔انہوں نے بھارت کی صحافتی برادری اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تمام مسائل بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباؤڈالے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سنگین مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن و خوشحالی کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔