Friday, 22 November 2024, 03:49:56 pm
 
حکومت نے ایک دہائی میں 10 نئے ڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے،وزیراعظم
August 12, 2021

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 2018-28 کی دہائی کے وژن کے تحت آج اسی کروڑ ستر لاکھ ڈالر لاگت کے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماحول دوست توانائی کی پیداوار اور پانی کی کمی کے مسئلے کے حل کے لئے حکومت نے دس سال میں دس نئے ڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ماحول دوست توانائی پیدا ہونے کے ساتھ ڈیم کی عمر میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت 2030 تک صاف توانائی میں نمایاں اضافہ لانے کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سمیت عالمی حدت سے کئی مسائل پیدا ہو رہے ہیں تاہم ڈیم ملک کو عالمی حدت کے اثرات سے محفوظ رکھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مہمند ڈیم اور بھاشا ڈیم بالترتیب دو ہزار پچیس اور دو ہزار اٹھائیس میں مکمل ہونگے جو ہماری آئندہ نسلوں کے تحفظ میں معاون ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم بھی تربیلا ڈیم کی عمر میں اضافے میں اہم کردار ادا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے مہنگی بجلی کی پیداوار کے معاہدے کئے جس سے عوام پر بوجھ بڑھا۔