Wednesday, 15 January 2025, 01:55:35 pm
 
مریم نوازنے مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم کاافتتاح کردیا
January 13, 2025

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج کالا شاہ کاکو میں کم آمدنی والے افراد کیلئے مسکن راوی ہائوسنگ سکیم کا افتتاح کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے آج سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضروری سہولتوں سے آراستہ اور صرف ڈھائی ماہ میں تعمیر ہونے والے نئے مکانات حاصل کرنے پر ایک سو افراد کو مبارکباد دی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اِس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو اِن مکانات کی فراہمی کیلئے میرٹ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں ہزاروں مکانات کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں سال ایک لاکھ مکانوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم ایک بہترین رہائشی سکیم ہے جو ہر سال کم سے کم ایک لاکھ خاندانوں کو اپنا مکان مہیا کرتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ جلد مستحق افراد کیلئے ایک سکیم کا آغاز کریں گی جس کے تحت اُنہیں تین مرلے کے پلاٹس فراہم کئے جائیں گے جہاں وہ اپنا مکان تعمیر کر سکیں گے۔