Wednesday, 16 April 2025, 06:32:53 pm
 
وفاقی حکومت سکھر سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی تک موٹروے تعمیر کرے گی، وزیراعظم
April 15, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت سکھر سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی تک M-6، M-9 موٹروے بنائے گی۔

 اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان کی اہم ترین شاہراہ N-25 کو دورویہ کرنے کا بھی اعلان کیا جو چمن، کوئٹہ، قلات، خضدار اور کراچی کو ملاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے قومی خزانے کی بچت اس منصوبے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورویہ سڑک ہوگی لیکن اس کی بحالی موٹروے کے معیار کے مطابق کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے ہونیوالی یہی بچت کچھی کینال کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے میں بھی استعمال ہو گی جس سے صوبہ بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات پیٹرولیم لیوی آرڈیننس مجریہ 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے حکومت کی ڈومیسٹک سیکیورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے پائیدار سرمایہ کاری سکوک فریم ورک کی منظوری بھی دے دی ۔