Sunday, 28 April 2024, 03:59:33 am
ڈی جی پی بی سی کا سرکاری نشریاتی ادارے کی ماضی کی شان کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار
November 15, 2022

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر حسن نے سرکاری نشریاتی ادارے کی عظمت رفتہ کو بدلتے وقت کے مطابق بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔آج (منگل) ریڈیو پاکستان کے دھنک چینل کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ریڈیو پاکستان کو نشریاتی ٹیکنالوجی پارک میں تبدیل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی بی سی نے کہا کہ بلاتعطل اور معیاری نشریات کے لئے ایک ہزار کلوواٹ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر پر کام جاری ہے جس سے دنیا بھر کے سامعین کیلئے ریڈیو پاکستان کی عالمی سروس کے پروگراموں کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا۔طاہر حسن نے نئے شروع کئے گئے ریڈیو پاکستان کے سپورٹس چینل کی ٹیم کی پیشہ واریت کو سراہا جس نے محدود وسائل کے ساتھ چھ گھنٹے کے اندر ٹی ٹونٹی کرکٹ عالمی کپ پر رواں تبصرے کا آغاز کیا اور کامیابی سے اسے میڈیم ویو پر منتقل کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں ہمارے سامعین نے کرکٹ پر رواں تبصرے کو بہت زیادہ پسند کیا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اسے لاؤڈ سپیکروں پر بھی چلایا گیا جو میچ کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کیلئے ریڈیو کے گرد جمع ہوئے جو ہمارے روایتی میلے کا مظہر تھا۔ایک سوال پر محمد طاہر حسن نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اس تیز ترین دور میں انتہائی فعال ذریعے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ادارے میں انتظامی اصلاحات سے متعلق ایک سوال پر ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہم نے خبروں، حالات حاضرہ اور پروگراموں سمیت ریڈیو پاکستان کے تمام شعبوں کو بااختیار بنایا ہے تاکہ وہ کسی رکاوٹ کے بغیرآزادانہ طور پر کام کر سکیں۔