Thursday, 12 September 2024, 05:44:35 pm
 
بھارتی فوجیوں نے مودی کے کشمیر کے دورے سے قبل پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں تیز کر دی
February 17, 2024

فائل فوٹو

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت گزشتہ سات عشروں سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی وکالت کی ہے لیکن بھارت کا معاندانہ رویہ اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

ادھر بھارتی فوجیوں نے منگل کو نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے سے قبل مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دورے کے دوران ر ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔

لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کو شاہراہوں اور دیگراہم سڑکوں پر بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔

فوجیوں نے نام نہاد سیکورٹی سخت کر دی ہے اور سرینگر، کولگام، اسلام آباد، رام بن، جموں، ادھم پور، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔

دریں اثناء مودی حکومت نے تنقیدی رپورٹنگ کرنے پر ایک فرانسیسی صحافی وینیسا ڈوگناک(Vanessa Dougnac) کو بھارت سے بے دخل کر دیا ہے۔

ڈوگناک بھارت میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی غیر ملکی صحافی ہیں جوکشمیر اور دیگر اہم موضوعات پر رپورٹنگ کی وجہ سے بھارتی حکومت کے نشانے پر تھیں۔