Thursday, 31 October 2024, 01:07:12 am
 
کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم الحاق پاکستان منائیں گے
July 18, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم الحاق پاکستان منائیں گے۔

اس دن کے موقع پر کشمیری اپنے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ مکمل الحاق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انیس جولائی انیس سو سینتالیس کو کشمیری عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس کے دوران کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

اس تاریخی قرارداد میں کہا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق کیا جائے کیونکہ لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی امنگوںکے ساتھ ساتھ ریاست کے مذہبی جغرافیائی ثقافتی اور معاشی مفادات بھی پاکستان سے وابستہ ہیں۔

ادھر سری نگر سمیت دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں پوسٹرز آویزاں کئے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے انیس جولائی جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب کشمیری عوام نے انیس سو سینتالیس میں پاکستان سے اپنا مستقبل وابستہ کیا تھا۔